لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) نے ق لیگ کے رہنماو اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی پر نجی سیکورٹی گارڈ کے ذریعے حملہ کرانے کا الزام عاید کردیا۔ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور مار دھاڑ کے بعد ہونے والے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں ن لیگی رہنما حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے۔ایوان میں کئی گھنٹے تک ہنگامہ آرائی ہوتی رہی اور ڈپٹی اسپیکر کو پولیس سے مدد لینا پڑی۔ ن لیگ نے ہنگامہ آرائی اور تشدد کا الزام اسپیکر پرویز الٰہی پر عاید کیا اور کہا کہ پرویز الٰہی اپنے نجی سیکورٹی گارڈ کو ایوان میں لیکر آئے۔ ن لیگ کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کے سیکورٹی گارڈ کو ایوان میں بلانے کی وڈیو بھی ہے۔ انہوں نے نجی سیکورٹی گارڈاور اسمبلی سیکورٹی سے اراکین پرحملہ کرایا۔ (ن) لیگ کا الزام ہے کہ پرویزالٰہی کے سیکورٹی گارڈ کے حملے کے باعث ایوان میں بدمزگی ہوئی۔