کراچی (جسارت نیوز)عمر ایسوسی ایٹس اور ارحم کرکٹ کلب کی ٹیمیں نیا ناظم آباد رمضان کارپوریٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ ریئل ٹائم پراپرٹی اور ایشل فیلکن ایسوسی ایٹ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیا ناظم آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں عمر ایسوسی ایٹس نے ریئل ٹائم پراپرٹی کو57 رنز سے شکست دی۔ عمر ایسوسی ایٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر178 رنز بنائے۔ کپتان سرفراز احمد بیالیس رنز بناکر نمایاں رہے۔ سہیل اختر 24 ، اعظم خان 24 ، عمر اکمل اکیس اور قاسم اکرم21 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔بدر الدین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ریئل ٹائم پراپرٹی کی ٹیم19 ویں اوور میں 121 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد نقاش نے42رنز اسکور کیے۔ فاسٹ بولر محمد عرفان نے4 ، محمد اصغر نے3 ، فہیم اشرف نے2 اور قاسم اکرم نے ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ کے اختتام پرمہمان خصوصی سوئی سدرن گیس کے مینجنگ ڈائریکٹر عمران منیار نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ محمد عرفان کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقع پر چیئر مین نیا ناظم آباد عارف حبیب، تاجر مجید عزیز، نیا ناظم آباد جمخانہ کے صدر سید محمد طلحہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ عمران منیار کا کہنا تھا کہ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ایسے مقابلوں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے۔ نیا ناظم آباد میں کھیلوں کی سہولیات شاندار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس مستقبل قریب نیا ناظم آباد کے ساتھ مل کر کھیلوں کے ایونٹس کا انعقاد کرے گا ۔