عمران ، شہباز اور زرداری کرپٹ نظام کے محافظ ہیں ، ممتاز سہتو

279

 

سانگھڑ(نمائندہ جسارت) عمران خان ، شہباز اور زرداری ان سب کا ایجنڈہ ایک ہے۔ یہ سب کرپٹ نظامِ ظلم کے محافظ ہیں ، ماہ صیام امت مسلمہ کی بیداری کا مہینہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر محترم ممتاز حسین سہتو نے خطبہْ جمعہ اور کھڈرو میں دعوتِ افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان بھی ماہِ صیام میں ایک بڑی تبدیلی سے گزرا ہے لیکن یہ تبدیلی بھی ایک فراڈ اور قوم سے دھوکا ہے یہ وہی چہروں کی تبدیلی ہے جس سے قوم کے مسائل اور حکمرانوں کے اثاثے بڑھتے ہیں ایک تماشہ ہے جو ملکِ خداداد میں گزشتہ 70 سال سے جاری ہے ماہ رمضان امت مسلمہ کے لیے ایک نعمت عظمیٰ سے کم نہیں، رمضان جنت کے حصول کا آسان ترین ذریعہ ہے ، اس ماہِ مبارک میں نیکیوں کا درجہ عام دنوں سے کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے ، یہ قرآن کے جشن کا مہینہ ہے یہ وہ مہینہ ہے جس میں قران پاک نازل ہوا ماہ صیام فتوحات کا مہینہ ہے یہ وہ مہینہ ہے جس کی 17 ویں روزے کو مسلمانوں کی قلیل تعداد مجاہدوں نے بدر کے میدان میں کفار کے ایک ہزار کے لشکر کو عبرتناک شکست سے دو چار کیا یہی وہ مہینہ ہے جس میں مکہ فتح ہوا اور کفر کو ہمیشہ ہمیشہ کے شکست سے ہمکنار کیا ، یہ مہینہ صبر و شکر کا مہینہ ہے یہ مہینہ جہاد و قتال کا مہینہ ہے یہ مہینہ احساسات اور جزبات کو بیدار کرنے کا مہینہ ہے ، یہ مہینہ صدقہ اور خیرات کا مہینہ ہے اس مہینے میں غرباء اور مساکین کی کفالت کے حوالے سے موْثر پلاننک کی جاتی ہے زکوۃ ادا کی جاتی ہے زکوٰۃ تقسیم کی جاتی ہے لیکن اجتماعی دائروں میں فراڈ دھوکا کرپشن کے دادے حکمران ہیں لوڈشیڈنگ ،بیروزگاری لوٹ مار کا دور دورہ ہے تبدیل ہونے والے حکمران ایک ہی ایجنڈے کے ساتھ آئے ہیں ان کے ہاتھ میں بھی وہی ایجنڈہ ہے چہروں کی تبدیلی قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی ، تبدیلی کے لیے ضروری ہے کہ اپنے تعلق کو اپنے رب کے ساتھ مضبوط کریں قرآن و شریعت کو اپنا نظام بنائیں ظلم کے نظام سے چھٹکارا حاصل کریں اور اسلام کا کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیں پروگرام سے جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے امیر محمد رفیق منصوری نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی کھڈرو کے امیر ملک عبدالمجید عبداللہ سومرو مشتاق احمد ملک اور میزبان ملک شیر محمد ، خالد شیر ملک طارق ملک بھی موجود تھے پروگرام کے بعد ممتاز حسین سہتو چیئرمین انتخابی بورڈ جماعت اسلامی سندھ نے کارکنان کے اجتماع میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لیں اور کرپٹ عناصر کو شکست کیلئے ضروری ہے کہ صالح قیادت کو میدان میں اتارا جائے ۔