کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ 12 ماہ کی مصروفیات پر مشتمل بین الاقوامی کرکٹ سیزن کی تفصیلات جاری کردیں۔ مئی 2022 سے مئی 2023 تک 5 غیرملکی کرکٹ ٹیمیں پاکستان کا دور ہ کریں گی۔اس دوران قومی مینز کرکٹ ٹیم 7 ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل یہ 7 ٹیسٹ میچز میں سے 2 سری لنکا، 3 انگلینڈ اور 2 نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جائیں گے۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل 12 ون ڈے انٹرنیشنل میچز ویسٹ انڈیز، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈزکے خلاف کھیلے جائیں گے۔اس عرصہ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی شرکت کرے گی۔ٹی ٹوئنٹی طرز کی کرکٹ میں ان 2 ایونٹس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ 12 ماہ میں انگلینڈ کے خلاف 7 ، ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 اور نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے گی۔ نیوزی لینڈکی ٹیم اپریل 2023 دورہ پاکستان میں 5 ون ڈے انٹرنیشنل سمیت 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے گی۔انگلینڈ کی ٹیم پہلے ستمبر اکتوبر اور دوسری مرتبہ نومبر دسمبر پاکستان آئے گی، پی سی بی ویسٹ انڈیز کی جون اور اس کے بعد جنوری میں میزبانی کرے گا۔ اْدھر پاکستان شاہینز کی بھی 19ویں ایشین گیمز میں شرکت یقینی ہے، تاہم پی سی بی پاکستان شاہینز کے لیے مزید کرکٹ سیریز کے انعقاد کے لیے کوشاں ہے۔