شام میں ایرانی ڈرونز کی کھیپ پراسرائیلی حملہ، ریڈارسسٹم کو نشانہ بنایا گیا

514

دمشق: شام میں اسرائیلی حملوں میں نئی آنے والی ایرانی فضائی دفاعی بیٹریوں، جدید ایرانی ڈرونز کی کھیپ اور ایک ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق شامی آبزرویٹری نے اطلاع دی کہ دمشق کے جنوب مغربی دیہی علاقوں میں یکے بعد دیگرے دھماکے ہوئے۔

اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی گولہ باری سے فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا ۔شام کی جنرل اتھارٹی برائے ریڈیو اور ٹیلی ویژن نے اعلان کیا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں دمشق کے دیہی علاقوں میں کچھ مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔دمشق کے مغربی دیہی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

شامی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ دمشق کے آس پاس آسمان میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ قابل ذکر ہے کہ گذشتہ برسوں کے دوران اسرائیل نے شام میں سینکڑوں فضائی حملے کیے جن میں حکومتی فورسز کے ٹھکانوں اور ایرانی اور لبنانی حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، لیکن حال ہی میں اس کی رفتار میں تیزی آئی ہے۔اسرائیل شاذ و نادر ہی شامی سرزمین پر حملوں کے نفاذ کی تصدیق کرتا ہے لیکن وہ ہمیشہ اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ شام میں فوجی موجودگی روکنے کے لیے ایران کی کوششوں کا مقابلہ کرتا رہے گا۔