عمران خان نے آئین اور عوام کو یر غمال بنایا ، مریم اورنگزیب

121

اسلام آباد(اے پی پی)مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے آئین پر حملہ اور آئین شکنی کے سنگین جرائم کیے ہیں، عمران خان نے22کروڑ عوام اور آئین کو یرغمال بنایا جس کی سزا آرٹیکل 6 ہے۔گزشتہ روزایک بیان میں عمران خان کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالتیں اس لیے کھلیں تاکہ آئین اور قانون پر عمل ہو، عدالتیں اس لیے کھلیں کیونکہ آپ نے عدالت سے جھوٹ بولا، عدالتیں اس لیے کھلیں تاکہ آپ کو پتا چلے کہ ملک آئین کے تحت چلے گا، آپ کے حکم اور خواہش پر نہیں، عدالتیں اس لیے کھلیں کیونکہ آپ نے آئین اور پارلیمنٹ کو یرغمال بنایا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب یہ ملک 22کروڑ لوگوں کی امانت ہے، وہ آپ کے غلام نہیں،اس لیے عدالتیں نصف شب کو کھلیں۔ انہوں نے کہا کہ دھمکیاں دینے، سوال کرنے سے زیادہ بہتر ہوگا کہ آپ قوم سے اپنے جرائم کی معافی مانگیں، ہر گزرتے دن کے ساتھ آپ کی حقیقت، کرپشن اور لوٹ مار بے نقاب ہورہی ہے اور مزید عیاں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پونے 4 سال عوام کا آٹا، چینی، گھی، ادویات ، بجلی، گیس، کھاد چوری کی، عوام کا پیسہ تباہ کیا، یہ ہے آپ کا جرم، عوام مہنگائی، بجلی ،گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مررہی تھی، آپ کے لیکچرز جاری تھے، یہ ہے آپ کا جرم، احتساب کے نعرے لگا کر سیاسی مخالفین اور میڈیا کوناحق جیلوں میں ڈالا،یہ ہے آپ کا جرم، ریاست مدینہ، امربالمعروف کی مقدس اصطلاحات کو اپنی کرپشن اور نااہلی چھپانے کے لیے استعمال کیا، یہ ہے آپ کا جرم ، فارن فنڈنگ کی آپ کی سازش پکڑی گئی ، یہ ہے آپ کا جرم، لاکھوں ڈالر اور اربوں روپے الیکشن کمیشن سے چھپائے، یہ ہے آپ کا جرم، مالم جبہ، ہیلی کاپٹر، بی آرٹی، بلین ٹری سونامی کی کرپشن آپ کے جرائم ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اپنے مافیاز اور کارٹلز کے ذریعے پاکستان کے عوام کو دن ورات لوٹا، عوام کا آٹا، چینی، کھاد اسمگل کرائی، سستے داموں بیرون ملک بیچی اور مہنگے داموں امپورٹ کی، توشہ خانے کے تحائف کو چند کروڑ کی خاطر بیچ دیا، ملک کی بدنامی کرائی، اپنی سیاست کے لیے پاکستان کے قومی مفادات سے کھیلا۔