شہباز شریف کے لیے اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلنا آسان نہیں،  لیاقت بلوچ

473

 اسلام آباد: نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے  کہا ہے کہ شہباز شریف کے لیے اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلنا آسان کھیل نہیں ہوگا، عمران خان کی ناکامی اور بے تدبیریوں نے اپنے تمام مخالفین کو اکٹھا کردیا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھان متی کے کنبے سے حکومت چلانا، لمبی اننگ کھیلنا ممکن نہیں۔ نئی اتحادی حکومت انتخابی اصلاحات کرے، آئین، قرآن و سنت سے متصادم اور اسلامی معاشرہ کے لیے تباہ کن قانون سازی واپس لے اور جلد از جلد انتخابات کی جانب قدم بڑھائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور وقار کے خلاف بیرونی سازشوں، مداخلتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ امریکہ کی ڈکٹیشن کے سامنے سرنڈر ہونے کے خلاف گو امریکا گو تحریک قومی حقیقت ہے، سیاسی جماعتیں عوام کو گمراہ کرنے کے لیے پاپولر بیانیہ گھڑ تو لیتی ہیں لیکن عملاً عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیتیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ  اسلام کا پیغام بنی نوع انسان کے لیے یہی ہے کہ دین نہ تو قومی ہے نہ نسلی، نہ انفرادی نہ نجی بلکہ خالصتاً انسانی ہے۔ اسلام پوری دُنیا کے انسانوں کو متحد اور منظم کرنا چاہتا ہے۔ اسلام بشریت کی اجتماعی زندگی میں تدریجی مگر اساسی بابرکت اسلامی انقلاب چاہتا ہے۔ ماہِ رمضان میں روزہ اور قرآن کی عبادات، تقویٰ کی صفت کے ذریعے اتحادِ اُمت کا درس ہے۔