لمپی وائرس کا پھیلائو، کیسز کی تعداد 36 ہزار سے تجاوز کرگئی

410

کراچی: حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں لمپی وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے۔لائیو اسٹاک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق  سندھ میں لمپی وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 36 ہزار 254 ہوگئی ہے۔

جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ وائرس سے متاثر ہوکر ہلاک مویشیوں کی تعداد 410 ہوگئی جبکہ 4 لاکھ 51 ہزار سے زائد مویشیوں کی ویکسین کی جاچکی ہے۔ خیال رہے کہ 14089 مویشی زیر علاج ہیں جبکہ 21755 مویشیوں کا علاج مکمل ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ لمپی اسکن ڈیزیر ایک معتدی جلدی مرض ہے اور یہ وائرس گائے، بھینسوں اور دیگر مویشیوں کو خون چوسنے والے کیڑوں، مچھروں اور مکھی سے لگ سکتا ہے۔اس مرض کے شکار جانور کی جلد پر تکلیف دہ پھوڑے اور زخم ہوجاتے ہیں، جانور کو بخار رہتا ہے، آنکھوں سے پانی آتا ہے، بھوک نہیں لگتی اور جانور چلنے پھرنے سے گریز کرتا ہے۔

اس وائرس میں مبتلا جانور کی تولیدی صلاحیت، دودھ کی پیداوار  بھی متاثر ہوتی ہے، جانوروں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بہت سے جانوروں میں اس بیماری کی زیادہ علامات ظاہر نہیں ہوتیں تاہم یہ بعض کیسز میں جان لیوا بھی ثابت ہوتی ہے۔