پرویز الہیٰ کو مس گائیڈ کیا گیا،عمران خان کی سوچ سے نفرت ہے،زرداری

294

اسلام آباد (آن لائن/آئی این پی) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کسی نے پرویز الٰہی کو مس گائیڈ کیا‘ ہم تو ابھی بھی چاہتے ہیں پرویز الٰہی سیاسی دائرے میں واپس آجائیں‘ ہمیں عمران خان سے نفرت نہیں بلکہ اس کی سوچ سے نفرت ہے ‘ اس کی سوچ نے پورے ملک میں نفرت کو ہوا دی ہے۔گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بہت جھوٹ بولے اور ملک کو معاشی طور پر تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کردیا‘ اب ہم سب مل کر ملک کو اس بھنور سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے‘ جلد ہی اس بارے میں اہم فیصلے ہوں گے‘ اتحادیوں نے مجھ پر اعتماد کیا ہے اور سب کو علم ہے میں جو وعدہ کرتا ہوں اس کو پورا کرتا ہوں۔ زرداری نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدے کا ضامن بھی میں ہوں‘ عمران خان شروع سے ہی جھوٹ بولتے ہیں‘ مجھے 8ماہ کے لیے سرکاری مہمان بنایا گیا، پھر میاں صاحب چلے گئے تھے‘ اسفندیار ولی میری بات مانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی ہم سے تھوڑے سینئر ہیں ہم ان کے لیے کوشش کرتے رہے‘ جب بچے بڑے ہو جاتے ہیں تو مسئلہ ہوتا ہے۔