چین ،سعودی عرب، برطانیہ،یو اے ای کی شہباز شریف کو مبارکباد

219

بیجنگ /اسلام آباد/ لندن( آن لائن+ اے پی پی+آئی این پی) شہباز شریف کے وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے پر دنیا بھر سے مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کے روز چین کے صدر لی کھہ چھیانگ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارک باد کا پیغام بھیجا۔چینی صدر نے کہا کہ چین اور پاکستان چاروں موسموں کے منفرد اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور دوستی عالمی صورتِ حال میں آنے والی ہر تبدیلی کے باوجود مضبوط اور اٹوٹ رہی ہے۔ پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ روایتی دوستی کو آگے بڑھانے، سیاسی باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے، اعلیٰ معیار کی چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر، دونوں ممالک کے درمیان ہمہ جہتی عملی تعاون کو گہرا اور وسعت دینے اورنئے دور میں مزید قریب چین پاکستان ہم نصیب معاشرے کی تکمیل کو تیز بنانے کے خواہاں ہیں۔ علاوہ ازیں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو حلف اٹھانے پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ شاہ سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دوسری جانب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی شہبازشریف کومبارکباد دی ، پیغامات میں پاکستان کی ترقی، و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ مزید برآں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں شہباز شریف کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں اور ہمارے لوگوں کے درمیان بھی گہرے تعلقات ہیں۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ دلچسپی کے شعبوں پر مل کرکام کرنے کے منتظر ہیں۔ دریں اثنائمتحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے محمد شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ ایک ٹویٹ میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد النہیان نے بھی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ ابوظہبی کے ولی عہد اور اماراتی مسلح افواج کے نائب سپہ سالار شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی محمد شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔