پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں‘ چین

347

بیجنگ(آئی این پی)چین نے کہاہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے ، سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف کے سی پیک سے متعلق بیان پر رد عمل دیتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سی پیک پر پاکستانی وزیراعظم کے ریمارکس کو نوٹ کیا،چین پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔چینی وزارت خارجہ کا مزید کہناتھا کہ سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کے بارے میں وزیراعظم شہباز شریف کے بیان کی بے حد تعریف کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان ژائو لی جیان نے بیجنگ میں معمول کی بریفنگ کے دوران کہاکہ چین نے وزیراعظم شہباز شریف کے سی پیک کے حوالے سے بیان کو بے حد سراہا ہے۔انہوں نے کہاکہ راہداری کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے تمام کوششوں کی جائیں گی اور اسے دونوں ملکوں کے درمیان ایک راستہ ایک منزل کے لیے ایک مثالی منصوبہ بنایا جائے گا۔ ژائو لی جیان نے کہا کہ سی پیک کے آغاز سے اب تک اس راہداری نے پاکستان کی معاشی ترقی اور پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔