حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن، سینئر نائب صدر محمد ادریس میمن اور نائب صدر مسرور اقبال نے میاں شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں تمام عہدیداران نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف ایک کامیاب وزیر اعظم ثابت ہوکر ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے بہترین اقدام اٹھائیں گے۔ شہباز شریف صوبہ پنجاب کے نہایت سرگرم اور کامیاب وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں وہ حکومتی معاملات اور بیورو کریسی سے کام لینا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور سندھ کی تاجر برادری اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم سے امید رکھتی ہے کہ تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش بے تحاشہ مسائل پر خصوصی توجہ دیں گے اور اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ اِن کا فیصلہ اور پالیسی براہ راست یا بالواسطہ صنعت و تجارت کو
متاثر نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے تاجروں کے مسائل میں امن و امان کی صورتحال، گیس و بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور ایف بی آر کی جانب سے تاجروں کو ہراساں کرنے جیسے مسائل سر فہرست ہیں۔ وزیر اعظم کو حیدرآباد کے مسائل پر خاص توجہ دے کر ان کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے عہدیداران نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو ملک میں دیر پا ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام اقدام میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔