تینوں جماعتوں نےعدل کی حکمرانی کے بجائے بادشاہتیں قائم کیں، سراج الحق

463

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکٹیبلز نے گزشتہ 74برسوں سے سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنایا ہوا ہے، ملک میں دھونس، دھاندلی اور دولت کے زور پر الیکشن لڑے جاتے ہیں۔ تینوں بڑی جماعتوں نے اپنی بادشاہتیں قائم کر لیں۔

سراج  الحق نے کہاکہ  برسہابرس سے یہی کھیل جاری ہے، قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا گیا، ادارے تباہ ہوئے اور عوام کے ارمانوں کا خون کیا گیا۔ ملک پر حکمرانی کے مزے لوٹنے والی تمام سیاسی جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  ثابت ہو گیا کہ چہروں کے بدلنے سے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، نظام کو بدلنا ہو گا، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے قرآن و سنت کی حکمرانی قائم کرنا ہو گی، ملک کے روشن مستقبل کے لیے واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ  نوجوانوں کو کہتاہوں کہ اسلامی انقلاب کے لیے کمر کس لیں۔ ملک میں پڑھے لکھے نوجوانوں کا استحصال ہو رہا ہے، لاکھوں کی تعداد میں نوجوان بے روزگار اور مستقبل سے مایوس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یوتھ مایوس ہونے کی بجائے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے کرپشن فری پاکستان بنانے کے لیے جدوجہد کاآغاز کرے۔ ملک کو امریکی تسلط سے حقیقی معنوں میں نجات دلانے کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ پی ٹی آئی حکومت گرانے سے متعلق امریکی دھمکی آمیز خط کے معاملہ کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ جوڈیشل کمیشن تشکیل دے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ قوم میں تقسیم خطرناک صور ت حال اختیار کر چکی، سیاسی و جمہوریت قوتیں اس کے خاتمہ کے لیے کردار ادا کریں۔ شفاف الیکشن کے لیے انتخابی اصلاحات وقت کی ضرورت،سیاسی جماعتیں الیکٹورل ریفارمز کے لیے آپس میں مذاکرات کا آغاز کریں۔