سرفراز احمد اور پی ایچ ایف کے کوارڈینٹر حیدر حسین کا سحری دسترخوان میں شرکت

290

کراچی (اسٹاف رپورٹر):ماہ رمضان المبارک میں روزے داروں کی خدمت کے لئے کراچی میں بہت سارے غیر سرکاری ادارے خدمات انجام دیتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوآرڈینیٹر و سیکرٹری کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سابق انٹرنیشنل ہاکی پیلئر حیدر حسین بھی روزے داروں کو رضاکارانہ سحری کرانے کے لئے این جی اوز کی جانب سے لگائے گئے دسترخوان کی جگہ پر پہنچ گئے۔ پاکستان کے دونوں اسٹارز نے بڑی تعداد میں روزے داروں کو اپنے ہاتھ سے سحری تقسیم کی۔ اس موقع پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میں ان کے کام سے بہت متاثر ہوں، اکثر سینٹر آتا رہتا ہوں، ظفر عباس انسانیت کی خدمت کے ساتھ جس طرح مظلوموں کے ساتھ کھڑے ریتے ہیں وہ قابل تحسین ہے، ظفر عباس کراچی والوں کے لئے قدرت کا تحفہ ہیں۔ سیکرٹری کے ایچ اے حیدر حسین کا کہنا تھا کہ روزانہ 20 ہزار سے زائد افراد کے لئے سحری کا انتظام کرنا کوئی معمولی بات نہیں بلاشبہ ہم اسے ایک معجزہ کہہ سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ظفر عباس ایمانداری، محنت اور لگن کے ساتھ رضائے الہی کے لئے اپنا کام سر انجام دے رہے ہیں۔ چند سال قبل انسانیت کی خدمت کے لئے میدان میں آنے والی فلاحی تنظیم دیکھتے ہی دیکھتے دنیا کی ایک بڑی تنظیم بن چکی ہے۔