مودی ‘ اردوان کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

136

نئی دہلی‘بیجنگ‘اسلام آ باد (آئی این پی )بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ مبارک ہو، بھارت دہشت گردی سے پاک خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، بھارت کی خواہش ہے کہ خطے میں امن اوراستحکام ہو تاکہ ہم ترقیاتی چیلنجزاور لوگوں کی فلاح وبہبود پرتوجہ مرکوزکرسکیں۔ علاوہ ازیںوزیراعظم شہبازشریف کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلیفون کیا اور وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک دی اور کہاکہ وہ ان کے وزیراعظم منتخب ہونے کی خبر پر بے حد مسرور ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن)کے صدرشہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے پر چین کا ردعمل سامنے آگیا جس میں چینی وزارت خارجہ اور سفارتخانے کے ترجمان کاکہناہے کہ پاکستان کے سیاسی حالات چاہے کیسے بھی بدلیں، چین کی پاکستان کے حوالے سے غیرمتزلزل دوستانہ پالیسی پر قائم رہے گی، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی سیاسی صورتحال میں تبدیلیاں چین پاکستان تعلقات کی مجموعی صورتحال پر اثر انداز نہیں ہوں گی۔علاوہ ازیں نو منتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے شرکت نہیں کی۔جس کی تصدیق ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان نے مقامی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کی۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کے دیگر افسران حلف برداری کی تقریب میں شریک تھے۔