جماعت اسلامی ہی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، حافظ نعیم

423
وفاقی وصوبائی حکومتیں 1100ارب کے کراچی پیکیج کا حساب دیں، حافظ نعیم

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملکی موجودہ صورتحال اور انسانوں کی خرید و فروخت نے ثابت کردیا ہے کہ عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سواکوئی آپشن موجود نہیں،جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام جماعت اسلامی کے تحت حق دو کراچی تحریک کا حصہ بنیں،جماعت اسلامی کے تحریکی و دعوتی پروگرامات میں شرکت کریں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ عوام کئی تجربے کرچکے، کراچی کے شہری ایسے امانت دار لوگوں کا انتخاب کریں جو خدمت کا استعارہ ہوں اور عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں،جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملاہم نے شہر کی تعمیر و ترقی میں بے مثال کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہری جماعت اسلامی کے ہاتھوں کو مضبوط کریں ہم ہی ہیں جو شہریوں کے حقوق دلوائیں گے اور مسائل حل کروائیں گے، غربت، مفلسی اور بے راہ روی کی بنیادی وجہ ناانصافی،بدامنی اور فساد پر مبنی معاشرہ ہے، غریب کو اس کا حق دینے کے بجائے اس کااستحصال کیا جاتا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومتی اختیارات ان لوگوں کے پاس ہیں جو لوگوں میں عدل و انصاف نہیں کرتے، عوام کا پیسہ عوام پر خرچ نہیں کرتے، شہر میں اس وقت سب سے بڑا مسئلہ پانی اور بجلی کا ہے، رمضان المبارک میں بھی شہریوں کو پانی اور بجلی سے محروم کیا ہواہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایسا نظام لانا چاہتی ہے جس میں عدل وانصاف ہو، ہر شہری کو اس کا جائز حق ملے، ہم چاہتے ہیں کہ آج جو لوگ راشن لینے آئے ہیں کل یہی لوگ راشن دینے والوں میں شامل ہوجائیں اس کے لیے ہم سب کو مل کر ایک اسلامی معاشرے کو قائم کرنا ہوگا اور ایسے لوگوں کو اقتدار میں لانا ہوگا جو عد ل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کریں۔