نیا ناظم آباد کرکٹ ، عالمگیر جم خانہ اور رحمٰن ہیلتھ کیئر کی کامیابی

463

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) نیا ناظم آباد رمضان کارپوریٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید 2 میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ عالمگیر جمخانہ اور رحمن ہیلتھ کیئر کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچ جیت لیے۔ نیا ناظم آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں عالم گیر جمخانہ نے ہیلا ڈوس آئس کریم کو بہتر رنز سے شکست دی۔ عالمگیر جمخانہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159رنز اسکور کیے۔ صائم ایوب اکتیس ، حسن محسن چھتیس ، سعود شکیل 25اور حسان خان 20 رنز بناکر نمایاں رہے۔ آصف علی اور ذیشان ملک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب یں ہیلاڈوس آئس کریم کی ٹیم 87رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نجیب اللہ 34 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ حسان خان اور عاشق علی نے 3،3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ آل راؤنڈ کارکردگی پر حسان خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دوسر ے میچ میں رحمن ہیلتھ کیئر نے اے زیڈ ریئل اسٹیٹ کے خلاف دلچسپ مقابلے کے بعد 7 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ رحمن ہیلتھ کیئر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ وقاص خان نے 35 گیندوں پر 6 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے57 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ اسرار احمد اور علی زیدی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں اے زیڈ ریئل اسٹیٹ کی ٹیم مقررہ اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر127 رنز بناسکی۔ صائم اعجاز اور مجاہد حسین نے 32،32 رنز اسکور کیے۔ شاداب حیسن، حکمت خان اور عمر لویا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ وقاص خان شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار پائے۔ آج ٹورنامنٹ میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں عمر ایسوسی ایٹ کی ٹیم اے زیڈ ریئل اسٹیٹ کا سامنا کرے گی۔ جبکہ دوسری میچ میں ڈائمنڈ لینڈ حب اور ریئل ٹائم پراپرٹی مد مقابل ہوں گی ۔