ٹیسلا نے چین میں ماڈل 3 گاڑیاں واپس منگوا لیں

674

بیجنگ: برقی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے سیمی کنڈکٹر پرزوں میں ممکنہ خرابیوں کی وجہ سے چین میں 1 لاکھ 27 ہزار 785 گاڑیاں واپس منگوانا شروع کر دی ہیں۔چین میں اعلی معیار کے نگران ادارے ریاستی انتظامیہ برائے کاروباری ضوابط کے ایک بیان کے مطابق واپس منگوائی جانیوالی گاڑیوں میں 11 جنوری 2019 سے 25 جنوری 2022 کے درمیان تیار کی گئی ماڈل 3 کی گاڑیاں شامل ہیں جن میں سے 34 ہزار 207 درآمدی اور 93 ہزار 578 گاڑیاں چین میں تیار کی گئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیمی کنڈکٹر پرزوں کی خرابیاں کار کے سٹارٹ میں ناکامی یا ڈرائیونگ پاور کے ضائع ہونے کا باعث بن سکتی ہیں۔ انتہائی صورتوں میں اس طرح کے نقائص تصادم کے خطرے کو بڑھا سکتے ہیں جس کے باعث ان سے ممکنہ حفاظتی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ ٹیسلا کی بیجنگ اور شنگھائی برانچز نے واپس منگوائی گئی گاڑیوں پر سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنے یا خراب پرزے مفت تبدیل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔