گندی نالی کی اینٹیں اقتدار کے محل میں لگانے کی سازش ہورہی ہے،شیخ رشید

179

اسلام آباد (آن لائن) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو3 ماہ قبل اسمبلی توڑنے کا مشورہ دیا تھا کہ میری تجویز پر عمل نہیں کیا گیا ،عدالتی فیصلے سے قوم میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے ،گندی نالی کی اینٹوں کو اقتدار کے محل میں لگایا جارہا ہے ۔جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بڑی طاقتیں عدم اعتماد کرتی ہیں بندے خریدتی ہیں۔ صحت کا بہانا بنا کر چوروں اور لٹیروں کا باہر لے جاتی ہیں۔عدالت کے سارے فیصلے سے قوم میں مایوسی کی لہر آگئی ہے۔کوئی سوچ رہا ہے کہ ہتھیار پھینکنے جارہے ہیں تو غلط ہے۔ ان چوروں کے خلاف آخری سانس تک لڑیں گے۔ عمران خان کو کل بھی کہا ہے اور آج بھی کہو ں گا کہ ا ستعفا دے دیں۔ ملک ان چوروں کے ساتھ نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا پتاشے والے اور مقصود اب سب پاکستان آئیں گے۔ بیرونی طاقتیں پاکستان کی آزادی کو سلب کرنا چاہتی ہیں۔ انہو ں نے کہا گھڑی دو گھڑی کی جیت کا مسئلہ نہیں ہر کوئی ایکسپوز ہو گیا ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ 3 مہینے پہلے ہی وزیر اعظم کو کہا تھا کہ استعفا دے دو، نئے الیکشن کرادو، اسمبلی توڑ دو لیکن عمران خان نے میری تجویز کو مسترد کر دیا تھا، تمام طاقتیں اس کیس میں بے نقاب ہوچکی ہیں، قوم کو سب پتا ہے کہ کیا ہوا ہے کیوں ہوا ہے اور کس نے کیا ہے۔میں اس وقت بھی ٹھیک تھا جب کہتا تھا ایمرجنسی لگا دو گورنر راج لے آؤ، میں اب بھی کہتا ہوں کہ ہمیں یک زبان ہوکر مستعفی ہوجانا چاہیے، ہمیں باہر نکلنا چاہیے اور قوم کو بتانا چاہیے کہ اپوزیشن والوں کے اصل چہرے کیا ہیں، یہ کرائے کے ٹٹو ہیں اور یہ وہ غیر سامراجی سنڈیاں ہیں جو اس ملک کی آزاد خارجہ پالیسی کو کھا جائیں گی، ان کے خلاف یہی ایک ہی حل ہے، آخری آپشن یہ ہے ہم استعفے دے دیں۔