کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ حکومت چلانا اور کرکٹ میچ کھیلنا 2 علیحدہ چیزیں ہیں، بدقسمتی سے حکومت کو کھیل سمجھ کر چلایا گیا، سیاسی شطرنج میں بلاول زرداری اور آصف زرداری کا کوئی ثانی نہیں ہے، کل آئین پاکستان کو فتح ملی عدالت عظمیٰ سے نظریہ ضرورت کل دفن ہوا، تمام سیاسی جماعتوں نے اس جدوجہد میں حصہ لیا، اعصاب کی جنگ میں بلاول زرداری نے کامیابی حاصل کی، ملک سے غیر یقینی کی صورتحال ختم ہوئی، عمران نیازی اسمبلی سے استعفا دے بھی دیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا، اگلا وزیراعظم متحدہ اپوزیشن سے ہوگا۔ جمعے کے روز سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے جمہوریت کی سربلندی کیلیے تاریخی فیصلہ دیا، اس فیصلے سے غیر یقینی میں کمی آئی اور ڈالر کے ریٹ میں 3 روپے کمی آئی ہے بیرونی قرضہ چند گھنٹوں میں ساڑھے 4 سو ارب کم ہوگیا، اسٹاک ایکسچینج کے پوائنٹس میں اچھا اضافہ ہوا، تاریخی فیصلے کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، عمران خان آج بھی پاکستان کے وزیراعظم ہیں، تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم کو قانونی طریقے سے گھر بھیجا جائے گا، عمران خان کا سرپرائز اب ان کیلیے شاک میں تبدیل ہوگیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ میں نئے صوبے کے حوالے سے ایم کیو ایم سے کوئی بات نہیں ہوئی، نئے صوبوں کے حوالے سے کوئی معاہدہ آئین سے زیادہ مقدم نہیں ہوسکتا، اس بات کی تردید کرتا ہوں اس طرح کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے۔ پیٹرول، گیس کی قیمتوں میں کمی ہوگی تو صوبائی حکومتیں مہنگائی پر قابو پانے میں کامیاب ہوںگی۔