سکھر : وکیل کیخلاف مقدمہ درج کرنے کیخلاف عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ

109

 

سکھر (نمائندہ جسارت) وکیل کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے خلاف سکھر اور پنو عاقل کی وکلاء برادری کا عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ،سکھر ڈسٹرکٹ کونسل کے احاطے میں مظاہرہ، واقعہ کے خلاف نعرے بازی ،مقدمہ ختم کرانے کا پرزور مطالبہ، ڈسڑکٹ بار ایسوسی ایشن سکھر کے زیر اہتمام وکلاء برادری کی کثیر تعداد نے سکھر کے نامور وکیل جمال ناصر بلو پر ایف آئی آر درج کرنے اور ان کے بیٹے یاسر بلو کی گرفتاری کے خلاف عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کرکے سیشن کورٹ بار کونسل کے احاطے میں زیر قیادت وکلاء رہنما سردار قربان کلوڑ ، فقیر عبدالرحیم ، صادق انصاری دیگر سینئر وکلاء کی قیادت میں مظاہرہ کیا اور سکھر پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پروکلاء کا کہنا تھا کہ پنوعاقل تھانے میں پولیس نے سیاسی بنیاد پر ایڈووکیٹ جمال ناصر بلو کے خلاف بھتا خوری کا جھوٹا مقدمہ درج کیا اور ان کے بیٹے یاسر بلو کو بے گناہ گرفتار کررکھا ہے جو سراسر ظلم و زیادتی ہے وکلاء کے ساتھ ایسی زیادتی کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ،وکلاء رہنماؤں نے حکام سے واقعہ کا نوٹس لے کر جھوٹا مقدمہ فوری خارج کرکے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا پرزور مطالبہ کیا اوراعلان کیا کہ اگر مقدمہ خارج کرکے بے گناہ گرفتار ان کے بیٹے یاسر بلو کو رہا نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیاجائے گا۔علاو ہ ازیں جماعت اسلامی ضلع سکھر کے امیر ایڈووکیٹ سلطان احمد لاشاری نے بھی ایک بیان میں ایڈووکیٹ جمال ناصر کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹی ایف آئی آر کو خارج کیا جائے۔