دادو(نمائندہ جسارت) سب رجسٹرار آفس میں کرپشن کا بازار گرم،سب رجسٹرار دفتر سے غائب کلرک اور نائب قاصد نے دفتر کو دکان بنا لیا، شہریوں کے جائز دستاویزات پر نرخ مقرر کردیے رشوت نا دینے والوں کو رلادیا جاتا ہے، سب رجسٹرار نے کلرک شاہد سولنگی اور نیاز سولنگی کو دفتر ٹھیکے پر دے دیا ملازمین نے ہر جائز کام پر نرخ مقرر کرکے عوام سے لوٹ مار شروع کردی، شہریوں کی جائدادوں کے کاغذات 10، 10سال سے التوا کا شکار ہیں سیکڑوں شہریوں اور پراپرٹی ڈیلز کے کاغذات سال 2013 سے اب تک نہ بن سکے۔ شہریوں ذیشان، ساجد علی، علی حسن اور دیگر نے کہاکہ سالوں سے نیاز اور شاہد سولنگی دفتر کے چکر لگوا رہے ہیں کاغذات کے لیے بھاری رشوت طلب کررہے ہیں نہ دینے پر 9 سال سے کاغذات نہیں مل رہے۔ انہوں نے کہاکہ سب رجسٹرار نے 2 ملازموں کو پورا دفتر ٹھیکے پر دے رکھا ہے کئی بار شکایات کی ہیں لیکن نہ کاغذات مل رہے ہیں نہ کوئی شکایت کا ازالہ کرنے والا ہے۔ انہوں نے رجسٹرار حیدرآباد، کمشنر حیدرآباد، ڈی سی دادو، نیب اور اینٹی کرپشن نے نوٹس لے کر کرپٹ عملداروں کے خلاف کارروائی سمیت سالوں سے التوا کا شکار جائیدادوں کے کاغذت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔