اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ(ن)کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آج تک عمران نیازی کے عارضی وزیراعظم بننے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا، آئین کو تحلیل کرکے عمران خان کو پھر سے وزیراعظم بنادیا گیا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کس حیثیت میں وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھا ہے،معاملات کا حل نہ نکلا توملک کا وجود خطرے میں پڑجائے گا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں جو معاملہ ہے اس میں اپوزیشن پر الزام ہے، وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی عسکری قیادت اس فیصلے میں شامل ہے، عسکری قیادت سامنے آئے، عوام جاننا چاہتے ہیں ۔رہنما مسلم لیگ(ن)نے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم کو اقامے پر نا اہل قرار دیا گیا اور ٹرائل ہوا، آج ملک کا آئین توڑا جارہا ہے، کیا اس کا کوئی جواب دینے والاہے؟شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کیا عدالت عظمیٰ کی یہ ذمے داری نہیں کہ اس کا نوٹس لے،ملک کی اپوزیشن پر الزام لگا کہ بیرون ملک سے مل کر سازش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، صدر اور اسپیکر منصوبہ بندی کے تحت آئین توڑ رہے ہیں، ملک کے اعلیٰ عسکری حکام کو اس میں شامل کیا گیا، کیا عدالت عظمیٰ کی ذمے داری نہیں کہ اس بات کا نوٹس لے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں تالے لگے ہیں، تاریں لگے ہوئے ہیں، کیا اقتدار کی ہوس میں اتنے اندھے ہوگئے ہیں کہ اسمبلیوں کی پروا نہیں، نہ ہمیں آئین اور نہ ہی قانون کی پروا رہی ہے، آج کسی کو پروا ہے کہ ملک میں کیا ہورہا ہے، آج کسی کو پروا ہے کہ ڈالر کہاں جارہا ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج صوبائی اسمبلی کا اسپیکر اجلاس نہیں ہونے دے رہا، صوبائی اسمبلی کا اسپیکر خود وزیر اعلی کا امیدوار ہے، قومی اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر آئین توڑے تو درست ہے، صوبائی اسمبلی کا اسپیکر اجلاس بلانا چاہے غلط ہے ،یہ کونسا انصاف ہے؟ شاہد خاقان نے کہا کہ اقتدار کی لالچ میں نہ آئین کو کچھ سمجھا جا رہا ہے، نہ عوام کو، ہر گزرتے دن کے ساتھ آئین کی پامالی ہورہی ہے، آج اٹارنی جنرل کس حیثیت میں عدالت عظمیٰ میں پیش ہورہا ہے، حکومت نہیں تو پھر اٹارنی جنرل عدالت عظمیٰمیں کس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کے افسران سے گزارش کرتا ہوں وہ کسی جماعت کے نوکر نہیں، کسی غیر قانونی حکم کی تعمیل نہ کریں ورنہ کل جواب دہ ہونا پڑے گا۔انہوںنے کہا کہ دیکھنا پڑے گا جھوٹے الزامات کس نے لگائے، آئین کس نے توڑا، تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کس نے نہ ہونے دی، جب تک ان کو کٹہرے میں کھڑا نہیں کیاجائے گا، ملک کے حالات درست نہیں ہوں گے۔