اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے ڈپٹی اسپیکر سے تمام اختیارات واپس لے لیے

452

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کو تفویض کردہ تمام اختیارات واپس لے لیے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق پنجاب اسمبلی آرٹیکل 235 کے تحت ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات واپس لے لیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اختیارات اسپیکر کی ہدایات پر واپس لیے جا رہے ہیں، نوٹیفکیشن کی کاپی تمام متعلقہ اداروں کو بھجوا دی گئی ہے۔ترجمان پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ اختیارات واپس لیے جانے کے بعد اب ڈپٹی اسپیکر اجلاس طلب نہیں کرسکتے۔خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عمدم اعتماد جمع کروائی تھی جس کے بعد صوبے میں ایک نیا آئینی بحران پیدا ہو گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے ترجمان کے مطابق اجلاس سولہ اپریل کو ہی ہو گا، ڈپٹی سپیکر کے احکامات کا کوئی ڈائری نمبر یا ریکارڈ نہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی لابی میں مبینہ توڑ پھوڑ کا معاملہ، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے لابی کا دورہ کیا اور نقصان کا جائزہ لیا۔اسپیکر پرویز الٰہی نے لابی اور مختلف حصوں کے نقصان کا جلد از جلد تخمینہ لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نقصان کا تخمینہ لگا کر جلد از جلد مرمت کا کام شروع کیا جائے۔