لاہور (نمائندہ جسارت) منی لانڈرنگ کیس میں اسپیشل جج سینٹرل اعجاز حسن اعوان نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی ضمانت منسوخ کرنے سے متعلق ایف آئی اے کی درخواست مسترد کرنے کے حوالے سے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے 25 مارچ کو مکمل اطمینان کرنے کے بعد شہباز شریف کو عدالتی حاضری سے استثنا دیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ شہباز شریف کو دیے گئے استثنا کے خلاف ایف آئی اے کا موقف جاندار ثابت نہیں ہوا، ضابطہ فوجداری میں کوئی شق موجود نہیں جو ٹرائل کورٹ کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کا اختیار دے، ٹرائل کورٹ اپنے ہی فیصلے پر نظرثانی کا اختیار نہیں رکھتی، اس لیے ایف آئی اے کی جانب سے دائر مسترد کی جاتی ہے۔