اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیازی نے 3 اپریل کو پاکستان کے آئین اور عوام کے ساتھ تاریخی کھلواڑ اور تاریخی فراڈ کیا ہے ۔ ملک میں کوئی حکومت نہیں، ایوان صدر اور وزیراعظم ہاوس پر آئین شکن ٹولے کا قبضہ ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئین شکن ٹولہ بائیس کروڑ عوام اور آئین کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہا ہے، ملک میں پی سی او اور قبضے والی حالت ہے۔ انہوں نے کہا آئین معطل اورملک سنگین آئینی، سیاسی اور معاشی بحران سے دوچار ہے ۔ عمران خان کے احکامات کی کوئی آئینی وقانونی حیثیت نہیں۔
انہوں نے کہا عمران خان کا جو بھی حکم مانے گا، اس جرم میں حصہ دار ہو گا اور آرٹیکل 6 کا سا منا کرنا پڑے گا، عمران خان اقتدار سے چمٹے رہنے کی خاطر غیرآئینی وغیرقانونی طورپر بائیس کروڑ عوام کو یرغمال بنائے ہوئے ہے ۔ ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا عمران خان نے ساڑھے تین سال معیشت پارلیمنٹ ، الیکشن کمشن ، میڈیا سمیت دیگر اداروں کو یرغمال بنایا، اب مہنگائی، غربت اور بھوک سے پسی عوام کواپنے غیرآئینی اقتدار کے ذریعے یرغمال بنائے ہوئے ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ بیرونی ملک سازش کے جھوٹ کے ذریعے اپنی نالائقی، کرپشن اور تاریخی ناکامیاں چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔