حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ شیخ رشید اور عمران خان کی سب سے بڑی پریشانی اسٹیبلشمنٹ کی نیوٹریلٹی ہے۔ ہفتہ کو شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ حمداللہ نے کہا کہ شیخ رشید اسٹیبلشمنٹ کو سیاست میں مداخلت کی دعوت دے کرآئین سے بغاوت کا مرتکب ہورہا ہے۔ شیخ رشیدکے کہنے پر اسٹیبلشمنٹ مداخلت نہیں کریگی، شیخ رشید اور عمران نیازی کی سب سے بڑی پریشانی اسٹیبلشمنٹ کی نیوٹریلٹی ہے۔حافظ حمداللہ نے کہا کہ شیخ رشید صاحب سن لو عمران نیازی کے کرسی بچانے کیلئے کوئی نہیں آئیگا، نیازی کو اپنوں نے بھی ساتھ نہ دینے کا دو ٹوک جواب دےدیا۔ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ شیخ رشید آپکی سیاست لال حویلی میں نہیں نالہ لئی میں دفن کرکے دم لیں گے، انسانی شکل میں اگر شیطان ہوتا تو شیخ رشید جیسا ہوتا۔حافظ حمداللہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتمادکامیاب ہوتے ہی عمران نیازی وزیراعظم نہیں رہینگے، الیکشن کا فیصلہ آنے والی حکومت کریگی۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی ایک طرف امن وامان کا مسئلہ پیدا کررہا ہے تو دوسری طرف آئینی بحران پیدا کرکے پورے سسٹم کو ڈی ریل کرنا چاہتا ہے۔