وزیراعظم نے خود کو بچانے کیلئے قومی سلامتی کا فورم استعمال کیا ،بلاول

111

اسلام آباد (صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے وزیراعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف عمران خان کی انا کی وجہ سے پاکستان کی قسمت کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے ہیں‘ وزیراعظم نے خود کو بچانے کے لیے قومی سلامتی کا فورم استعمال کیا‘ عمران خان اتنا ہی جھوٹ بولیں جتنا لوگ مان سکیں۔ ہفتے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم کے دورہ روس سے قبل ہی تحریک عدم اعتماد کے لیے شہباز شریف کے گھر گئے تھے‘ حقیقت یہ ہے کہ ہم ایک سیاسی عمل کے نتیجے میں تحریک عدم اعتماد تک پہنچے‘ عمران خان جھوٹ کہہ رہے ہیں کہ ان کے خلاف عالمی سازش ہوئی ہے‘ خط کا معاملہ قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کی کوشش ہے۔ بلاول نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سربراہان کو ہٹانے کے لیے ہمیشہ غیر جمہوری طریقے اپنائے گئے جب کہ ہم نے جمہوری طریقہ اپنایا‘ جسے عمران خان متنازع نہ بنائیں، وہ کہتے ہیں کہ میں نہیں کھیلوں گاتو کسی اور کو بھی کھیلنے نہیں دوں گا،یہ درست نہیں۔ بلاول نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر ہمارا عمران خان کے ساتھ جھگڑا ختم ہوجائے گا لیکن غیر جمہوری کردار اپنانے پر ہماری عمران خان کے خلاف جنگ جاری رہے گی‘عمران خان جاتے جاتے اداروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ بلاول نے کہا کہ اس سلیکشن کی وجہ سے ادارے متنازع ہوئے‘ یہی وجہ ہے کہ ہم آج اس دوراہے پر کھڑے ہیں‘ سیاسی جماعتوں، اداروں اور قومی اسمبلی اسپیکر سے میری اپیل ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ سب ہوش کے ناخن لیں۔ بلاول نے کہا کہ ہم سب کے لیے ایک موقع ہے کہ جمہوریت کی بحالی کی طرف بڑھیں، ہر کوئی سمجھتا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے بعد جلد از جلد انتخابات ہونے چاہئیں۔