شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کیلئے آج عدالت جائیں گے،فواد چوہدری

88

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ مجھے وزارت قانون کا قلمدان مل رہا ہے ،آج (ہفتہ کو )ہی عدالت سے درخواست کروں گا شہبازشریف کی ضمانت مسترد کی جائے ۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر حماد اظہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بہت لوگوں کے خواب چکنا چور ہونے ہیں شہبازشریف کا وزیراعظم بننے کا خواب کرچی کرچی ہوناہے، عدالت سے ضمانت پر بیٹھا شخص وزیراعظم کا امیدوار ہے باپ وزارت عظمیٰ اور بیٹا وزارت اعلیٰ کا امیدوار بن بیٹھا ہے دونوں ہی عدالتوں سے ضمانت پرہیں،بے شرم لوگوں کا یہ گروہ عالمی سازش سے پاکستان پر قبضہ کرنا چاہتا ہے،پاکستان کے لوگ اس سازش کو پہچان گئے ہیں اور اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہکسی کو باہر بیٹھ کرپاکستان میں حکومت تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ایجنسیز نے رپورٹ کیا کہ وزیراعظم کی زندگی کو خطرہ ہے،جس کے بعد وزیراعظم کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔