بیجنگ (اے پی پی) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو یقین ہے اگر افغانستان تمام فریقین کے تحفظات کو موثر طریقے سے دور کرے تو قدرتی طور پر سفارتی سطح پر افغان حکومت کو تسلیم کر لیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے صوبہ انہوئی کے ضلع تونشی میں افغانستان کے وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے زور دیا
کہ سفارتی شناخت افغان عبوری حکومت اور عالمی برادری کی ایک مشترکہ تشویش ہے، افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے عالمی برادری کو اسے اکیلے نہیں چھوڑنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چین نے مشاہدہ کیا ہے کہ افغان عبوری حکومت نے اپنے قیام کے بعد سے استحکام اور ریاستی نظم و نسق کو برقرار رکھنے کے لیے اہم کوششیں کی ہیں اور کچھ حد تک کامیابی حاصل کی ہے۔ افغان حکومت نے ترقی کے حصول کے لیے اپنے عزم،مزید افہام و تفہیم حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ہمسایہ ممالک اور بین الاقوامی برادری کی حمایت اور غیر ملکی زر مبادلہ کے حوالے سے مثبت رویہ ظاہر کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی برادری اور افغانستان کے ہمسایہ ممالک کو اب بھی افغان عبوری حکومت سے متعلق بہت سے تحفظات ہیں اور اس سیتوقعات بھی وابستہ ہیں، وانگ یی نے کہا کہ امید ہے کہ عبوری حکومت قومی مفاہمت کو فروغ دینے، مزید جامع حکومت بنانے ،لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے ، ملازمتوں اور تعلیم میں خواتین اور بچوں کے حقوق کے لیے بہترپیش رفت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری امید کرتی ہے کہ افغان عبوری حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مزید مضبوط رویہ اپنائے گی اور اس سلسلے میں مزید ٹھوس اقدامات کرے گی۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ اگر تمام فریقین کے خدشات کو موثر طریقے سے دور کیا تو قدرتی طور پر سفارتی سطح پر افغان حکومت کوتسلیم کیا جائے گا اور چین کو امید ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت صحت سمت میں ٹھوس اور موثر اقدامات کرے گی۔