نوابشاہ(سٹی رپورٹر) نوابشاہ میں بجلی چوری کی وجہ سے بجلی کا بدترین شارٹ فال شہریوں کے لیے شدید گرمی میں جینا محال ہو گیا واپڈا حکام نے ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس اور اعلیٰ حکام کو خطوط ارسال کرنے کی بھی پاسداری نہیں کی ،غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے، شہریوں کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عامر حسین پنہور کی زیر صدارت نوابشاہ کے شہریوں اور تاجر برادری کو درپیش غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سمیت دیگر شہری مسائل کے حل کے سلسلے میں ایک اجلاس ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایکسین حیسکو دیدار حسین چنا، صدر چیمبر آف کامرس نوابشاہ صدر الدین میمن، نائب صدر شہری تاجر اتحاد شاہد حسین کھوکھر، قیوم قریشی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عامر حسین پنہور نے کہا کہ شہری مسائل کے حل کے لیے ضلع انتظامیہ سنجیدگی سے کام کررہی ہے ضلع کے عوام کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر تاجر برادری کے نمائندگان نے شہری مسائل کے متعلق ڈپٹی کمشنر کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث گھریلو صارفین کے مسائل کے ساتھ ساتھ ہمارا کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے جبکہ اس سے قبل بھی کورونا صورتحال کے دوران سخت سرکاری پابندیوں کے باعث ہمارے کاروبار بری طرح سے متاثر ہو چکے ہیں۔ جبکہ پانی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے انجینئر حیسکو کو کاروباری اوقات کار اور رمضان المبارک کے دوران سحر، افطار اور نماز تراویح کے دوران نوابشاہ میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے گریز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام سخت پریشان ہیں اور کاروباری زندگی پر اثر پڑ رہا ہے اس لیے ضروری مرمت کا کام لوڈ شیڈنگ کے اوقات کار میں کیا جائے۔ اس موقع پر ایکسین حیسکو نے کہا کہ مخلتف علاقوں میں پڑنے والے فالٹس کی درستگی اور ضروری مرمت کے کام کی وجہ سے شہریوں اور تاجر برداری کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا شہر میں اس وقت 6 گھنٹے کی اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان المبارک میں سحرو افطار میں لوڈ شیڈنگ کے اوقات کار میں تبدیلی کی جارہی ہے تاکہ روزے داروں کو سحر و افطار کے علاوہ نماز تراویح کے دوران بجلی کی فراہمی جاری رہ سکے۔