سری لنکا ، بجلی کا ٹھیکا بھارتی کمپنی کو ملنے پر چین برہم

336

کولمبو (انٹرنیشنل ڈیسک) سری لنکانے پون چکی سے بجلی تیار کرنے کا ٹھیکا چینی فرم سے لے کر بھارت کے حوالے کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق چین سے واپس لیا گیا یہ منصوبہ بھارت کو ملنے پر بھارتی میڈیا اسے نئی دہلی کی فتح قرار دے رہا ہے۔ بھارت اور سری لنکا کے درمیان آبنائے پالک میں 3 چھوٹے جزیروں پر پون چکی کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا ایک منصوبہ 2019 ء میں ایک چینی فرم کو دیا گیا تھا، جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی جانب سے فنڈز فراہم کیے گئے تھے۔لیکن بھارت کے ساحل کے اتنے قریب چینی سرگرمیوں پر نئی دہلی کے احتجاج کے باعث اس پر کام شروع نہیں ہوا سکا تھا۔ بھارتی وزیر خارجہ کے کولمبو کے دورے کے بعد جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ تنصیبات کی تعمیر کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ ادھر سری لنکا کے حکام نے کہا کہ اب ایشیائی ترقیاتی بینک کی جگہ بھارت نے فنڈز فراہم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ دوسری جانب سری لنکا میں چینی سفیر کیو زین ہونگ نے بیجنگ کی جانب سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس اقدام سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو منفی پیغام جائے گا۔واضح رہے کہ بھارت خطے میں بڑھتے ہوئے چینی اثر و رسوخ سے بھارت پریشان ہے۔