کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں بلدیہ ہاکی کلب کے اشتراک سے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام جاری بلدیہ چیمپئنز ٹرافی ہاکی لیگ سیزن ٹو کے چوتھے روز یوتھ ہاکی کلب نے ایونٹ کی مضبوط ٹیم پاکستان ایچ سی کو 2-4 سے شکست دیکر مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی، فاتح ٹیم کے شاہ زیب ارباب نے 48 اور 55ویں منٹ جبکہ حسن علی اور سعاد ظہیر نے تیسرے اور31ویں منٹ میں گول کیے، پاکستان ایچ سی کے محمد حنان نے 39 ویں اور محمد عمر نے 52 ویں منٹ میں گول کرکے برتری کم کرنے کی کوشش کی۔ فاتح ٹیم کے علی عباس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دوسرے میچ میں ربانی ہاکی کلب نے بلدیہ ایچ سی کو 1-4 سے شکست دیکر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی، ربانی ایچ سی کے راجہ مرتضی نے 37, 39 ویں منٹ میں، وجاہت حسین 29 ویں اور ساجد حسین نے 31 ویں منٹ میں گیند جال میں پھینک کر کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ بلدیہ ایچ سی کا واحد گول محمد فاخر نے کیا۔ بہترین کھیل پیش کرنے پرربانی ہاکی کلب کے وجاہت حسین مین آف دی میچ قرار پائے۔ چوتھے روز کے مہمان خاص کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو بورڈ کے رکن مصطفی جمیل نے بلدیہ ہاکی کلب کے سیکریٹری ماجد رفیق کے ہمراہ بلدیہ ایچ سی کے وجاہت حسین کو مین آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا۔ مصطفی جمیل کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کے ویژن کی کامیابی کلب ہاکی کے فروغ کے بغیر ممکن نہیں۔