بیجنگ (اے پی پی) افغانستان کے حوالے سے افغانستان کے ہمسایہ ممالک پاکستان، ایران، روس، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ کا 2 روزہ تیسرا اجلاس 30 مارچ سے چین کے صوبہ انہوئی کے ضلع تونشی میں منعقد ہو گا۔ اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بن نے پیر کو بریفنگ کے دوران کہا کہ اجلاس کی صدارت چین کے اسٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ یی کریں گے جس میں پاکستان، ایران، روس، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ اور ان کے نمائندے شرکت کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ اجلاس افغانستان کے مسئلے پر ہمسایہ ممالک کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو گا‘ اجلاس میں انڈونیشیا اور قطر کے وزرائے خارجہ کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں اقتصادی تعمیر نو کی بنیادی ذمے داری موثر طریقے سے ادا کرے۔