لاہور(نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کا دورہ یورپ طے پا گیا، قومی ٹیم اس دورے میں 7 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔سیکریٹری ہاکی فیڈریشن آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی 22اپریل کو یورپ روانگی کا پلان بنایا جا رہا ہے، جہاں وہ اسپین، ہالینڈ، بیلجیم اور جرمنی کے ساتھ سات میچز کھیلے گی۔مئی کے پہلے ہفتے واپسی کے بعد دوبارہ ہاکی ٹیم کا مختصر کیمپ ہوگا جس کے بعد وہ ایشیا کپ کھیلنے جکارتہ جائے گی۔ آصف باجوہ کے مطابق ہماری مختلف ممالک کے ساتھ دوطرفہ سیریز کے لیے بھی بات کر رہے ہیں، پاکستان کے دورے پر موجود جرمن ہاکی لیجند اسٹفین بلوشر نے پاکستان جرمن ہاکی سیریز کرانے کے لیے مدد کی یقین دہانی کرائی ہے، ہالینڈ ہاکی فیدریشن کے صدر سے ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں۔ ہالینڈ کی ٹیم کو بھی پاکستان مدعو کریں گے۔ایشین گیمز کے بعد کوشش کریں گے کہ پاکستان میں 4 ملکی ٹورنامنٹ یا کسی بڑی غیرملکی ٹیم کو بلاکر پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی سرگرمیوں کو بحال کریں۔پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے جرمن لیجنڈ ہاکی اولمپین سٹیفن بلاکر(بلوشر) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپین آصف باجوہ سے خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سابق جرمن ہاکی لیجنڈ نے پاکستان ہکای فیڈریشن کی جانب سے ہاکی کے کھیل کے فروغ اور اسکی ترویج و ترقی کے پلان پر سیر حاصل گفتگو کی اور پی ایچ ایف کے اقدامات کو سراہا۔ بعد ازاں انہوں نے پی ایچ ایف کے زیراہتمام قومی ہاکی تربیتی کیمپ کا بھی دورہ کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل سے متعلقہ مہارتوں پر خصوصی لیکچر بھی دیا۔