قانونی راستے سے کٹھ پتلی کا بوریا بستر گول کرےنگے، حمزہ شہباز

164

لاہور (آن لائن) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہوچکی، وفاق اور پنجاب دونوں جگہ عدم اعتماد کامیاب ہو گی۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی ہے۔ عوام کا ساڑھے 3 برسوں میں ہونے والے استحصال کا حساب لینے کا وقت آ گیا ہے۔پنجاب میں تباہی کا سونامی ترقی اور خوشحالی کو بہا کر لے گیا ہے۔عوام کو سبز باغ دکھا کر لوٹنے والوں سے آٹے ،چینی، گھی ،بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں کا حساب لیں گے۔کنٹینر پر چڑھ کر اول فول باتیں کرنے والا شخص نجانے کس ملک کی معاشی کامیابیوں کا ذکر کر رہا تھا۔عمران خان اور اس کے ٹولے کے خلاف کوئی عالمی سازش نہیں ہو رہی۔پنجاب کا کسان کھاد کے لیے دربدر پھر رہا تھا یہ تھی اصل سازش۔ بچوں کے منہ سے دودھ تک چھین لیا گیا یہ تھی اصل سازش۔ معیشت کے ساتھ کھلواڑ اور معاشرتی اقدار کی دھجیاں اڑانا اصل سازش تھی۔ جائز آئینی و قانونی راستہ اپنا کر پنجاب کی کٹھ پتلی سرکار کا بوریا بستر گول کریں گے۔