کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری بلدیہ ہاکی لیگ سیزن ٹو کے دوسرے روز مزید دو میچز کے فیصلے ہوگئے، لیگ سسٹم کی بنیادی پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں پاکستان ہاکی کلب نے گلبرگ ایچ سی کو 1-4 سے باآسانی شکست دیدی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر محمد عمر کے گول کے باعث پاکستان ایچ سی کو 0-1 کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں فاتح ٹیم نے مزید تین گول کرکے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔ شوزیب رضا بائیسویں منٹ، محمد فرقان تیسویں منٹ اور محمد حارث نے سینتالیسویں منٹ میں گول کئے، گلبرگ ایچ سی کا واحد گول چھیالیس ویں منٹ میں ماذ آفریدی نے کیا۔بہترین کھیل پیش کرنے پر فاتح ٹیم کے محمد حارث میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دوسرے میچ میں یوتھ ہاکی کلب نے ربانی کلب کو 1-2 سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنے سفر کا آغاز کامیابی کے ساتھ کیا۔ پہلے ہاف کے بیالیس ویں منٹ میں ربانی ایچ سی کو منیر عباس کے خوبصورت گول کے باعث ایک گول کی برتری حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں یوتھ کلب نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے فتح اپنے نام کرلی، فاتح ٹیم کے حسن علی بیالسویں جبکہ سعاد ظہر نے اڑتالیسویں منٹ میں گول کئے۔بہترین کھیل کے باعث فاتح ٹیم کے حسن علی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ اس موقع پر مہمان خاص کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین گلفراز احمد خان نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں بھر پور محنت کرنے اور نظم و ضبط کی پابندی کرنے کی تلقین کی۔