سینہ چاک کردیا تو یہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے،شاہ محمود

348

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میں تمہارا وزیرخارجہ ہوں میرے سینے میں بہت سے راز ہیں‘ سینہ چاک کردیا تو یہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے‘ عوام نے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں امر بالمعروف جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور قوم کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میرے کانوں میں آواز گونجی، میرے پاس جو بھی باتیں آئیں‘ کپتان کو بتا دیں‘ منصوبہ کیا ہے اور کہاں کیا ہو رہا ہے‘ جب وہ کہتا ہے ایبسولوٹلی ناٹ تو اس کی قیمت ہے‘ کیا عوام اس کی قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں‘ ان کا منصوبہ آپ کو بتا دیا اب فیصلہ آپ نے کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 36 سال پاکستان کی سیاست میں بلدیات سے لیکر وزارت عظمیٰ تک کا الیکشن لڑا ہوں‘ آج قوم کہہ رہی ہے کہ مجھے چاہیے پرانا خان اور نیا پاکستان، جو ڈگمگا رہے ہیں قوم انہیں معاف نہیں کرے گی‘ ان سے کہتا ہوں کہ فیصلہ کرلو۔ ضمیر بکتے ہیں، جب کچھ بکتے ہیں تو کچھ کھڑے ہوجاتے ہیں،آصف زرداری جتنی دولت ہے، لے آؤ کوئی کارکن بکنے والانہیں‘ آج عوام نے کپتان پر اعتماد کا اظہارکردیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ میرا اور میرے بیٹے کا ووٹ عمران خان کی امانت ہے، ہم یہ ووٹ نہیں بیچیں گے‘ ضمیر کا سودا نہیں کریںگے‘ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، کھڑے ہی رہیں گے، قوم دیکھ رہی ہے، آج عمران خان ایک طرف اور یہ سب یکجا ہوگئے، یہ سب بغض عمران میں اکٹھے ہوگئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا نے ملاقات کی۔ اتوار کو یورپی یونین کی سفیرسے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت یورپی یونین کے ساتھ دو طرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔