لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے عوام سے مہنگائی مکاؤ مارچ میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹھیں اور اس حکومت کا خاتمہ کرکے پاکستان کا مستقبل بچالیں۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ میرے انتہائی قابل احترام بزرگ، ماﺅں، بہنوں، بھائیو، نوجوان ساتھیو السلام علیکم میں اپنے اور آپ کے قائد میاں محمد نوازشریف کا ایک اہم پیغام آپ کو دینا چاہتا ہوں کہ عمران نیازی کے اس ساڑھے تین سالہ دور میں پاکستان میں سب سے اونچی سطح پر مہنگائی ایک سچ ہے، بدترین غربت ایک سچ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے دور میں بدترین کرپشن ایک سچ ہے، عمران نیازی کے بدترین دور میں عام آدمی اور غریب آدمی کے ساتھ ظالمانہ رویہ ایک سچ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے بزگو، بھائیو، بہنوں، اٹھو اور اس مہنگائی_مکاﺅ_مارچ میں جوق در جوق شامل ہوں، تاکہ اس کرپٹ اور لوٹ مار میں ملوث اس حکومت کا سیاسی اور آئینی طریقے سے خاتمہ کرکے پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کا مستقبل بچالیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی آپ کی اس ہمت اور ان کاوشوں کو کامیاب کرے گا۔ ان شاءاللہ پاکستان زندہ باد۔ قائداعظم زندہ باد۔