زرداری نے پھر سب پر ’’بھاری‘‘ ہونے کا ثبوت دیدیا، حافظ حسین

411

کوئٹہ (صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا کہ پارلیمانی ٹیسٹ سیریز کے چوتھے دن ایمپائر کے ’’نیوٹرل‘‘ ہونے کا ’’مژدہ‘‘ تو خوش آئند ہے- لیکن تھرڈ امپائرز کے حوالے سے صورتحال اب تک بے غبار نہ ہوسکی جبکہ دونوں ٹیموں کی صورت حال بھی عجیب سی ہے کیونکہ جہاں حکومت کو اپنے ارکان پر مکمل اعتماد نہیں وہاں عدم اعتماد تحریک پیش کرنے والی اپوزیشن کی 11 پارٹیوں کو آپس میں اعتماد کی مکمل بحالی کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔ جمعہ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پیپلزپارٹی نے پی-ڈی-ایم کو اعتماد میں لیے بغیر عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا اور حسب سابق آصف علی زرداری نے پی ڈی ایم سے بھی اس فیصلے پر انگوٹھا لگوا کر ایک بار پھر سب پر اپنے ’’بھاری‘‘ ہونے کا ثبوت دیدیا۔ کیونکہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لانے سے 2018ء کے دھاندلی زدہ انتخابات کے نتیجے میں قائم ناجائز قومی اسمبلی کو پی ڈی ایم نے بھی آخر جائز تسلیم کرہی لیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا لگتا ہے کہ ’’جنہوں‘‘ نے 2018ء میں لوٹوں کے ذریعے جسے تخت نشین کیا، اب اس کو تخت سے تختے پر لانے کیلئے اسی ’’میٹریل‘‘کو بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے کوئٹہ کے جلسہ میں میاں نواز شریف نے آرمی چیف جنرل قمرباجوہ اور جنرل فیض حمید کے حوالے سے جو گوھر فشانی فرما ئی، اب لگتا ہے ’’اول الذکر‘‘سے شاید مک مکا ہو چکا- البتہ ’’ثانی الذکر‘‘ سے اب بھی ان کی ’’کانپیں ٹانگتی‘‘ ہیں۔