منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ کی ضمانت میں توسیع

141

لاہور (آن لائن) لاہور کی خصوصی عدالت نے شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 4 اپریل تک توسیع کردی ۔ حمزہ شہباز وکلا کے ساتھ عدالت میںپیش ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی اسلام آبادمیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی وجہ سے حاضری معافی کی درخواست پیش کی گئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جنہوں نے درخواست دائر کی ہے وہ خود کہاں ہے، حمزہ کہاں ہیں انہیں بلائیں، جو ملزم پیش نہیں ہوئے ان کی ضمانت مسترد
کردیتے ہیں۔ ایسوسی ایٹ وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حمزہ شہباز باہر ہیں رش کی وجہ سے مشکلات ہیں۔ عدالت نے کہا باہر تقریر کرنے آئے ہیں یا عدالت پیش ہونے آئے ہیں، آپ باہر جائیں اور لے کر آئیں۔ وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ 5 منٹ میں حمزہ شہباز پیش ہوجائیں گے ۔ حمزہ شہباز عدالت میںپیش ہوکرحاضری مکمل کرائی۔ بعد ازاں عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 4 اپریل تک توسیع کردی۔ فاضل جج نے عدالتی دائرہ اختیار پر وکلا ء کو معاونت کے لیے بھی طلب کرلیا۔