سکھر (نمائندہ جسارت) صالح پٹ میں کھاد کی قلت پر کاشتکار سڑکوں پر نکل آئے، ٹائر جلاکر مظاہرہ اور نعرے بازی ،ٹریفک کی آمدورفت معطل، صالح پٹ تحصیل میں کھاد کی مصنوعی قلت کے خلاف کاشتکاروں اور آبادگاروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا، تحصیل کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کاشتکاروں اور آبادگاروں کی بڑی تعداد نے اشرف بھنبھرو و دیگر کی قیادت میں صالح پٹ مین روڈ پر ٹائر جلاکر مظاہرہ اور دھرنا دیا۔ دھرنے کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ اس موقع پر آباد گار رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ میں کاشتکاروں کو کھاد فراہم کرنے کے بجائے افغانستان اسمگل کی جارہی ہے سندھ میں جان بوجھ کر زراعت کو تباہ کیا جا رہا ہے اور اس کے ذمہ دار حکمران اور محکمہ زراعت کے افسران ہیں، ہمیں احتجاج کرنے پر ڈائریکٹر ایگریکلچر سکھر کی جانب سے دھمکیاںدی جارہی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ کھاد نہ ملنے کی وجہ سے فصلیں کاشت کرنے سے قاصر ہیں، مظاہرین نے انتباہ دیا کہ اگر کھاد کی فوری فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو زراعت افسران کے دفاتر کا گھیراؤ کریں گے۔