سکھر،ضلعی انتظامیہ کا یوم پاکستان پر اسپرنگ فیسٹول کا انعقاد

102

سکھر (نمائندہ جسارت) ضلعی انتظامیہ سکھر کی جانب سے 23 مارچ یوم پاکستان کی رنگا رنگ تقریب واکنگ ٹریک گلوبل چوک لب مہران پر منعقد کی گئی اور اسپرنگ فیسٹول کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی قومی ترانے اور ملی نغموں کے ساتھ قوم کے ہیروز اور شہدا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سکھر ڈویژن غلام مصطفی پھل نے کہا کہ ہمیں اپنے تعلیمی نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے نوجوانوں میں نظم و ضبط کے ساتھ شعورمیں اضافہ کرنا ہوگا قائد اعظم محمد علی جناح اور دیگر قومی ہیروز کی دی جانے والے قربانیوں کو ملحوظ رکھ کر ان کے پیغام پر عمل کرنے کی ضرورت ہے تمام شہریوں کو اپنے ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے شب روز کام کرنا ہوگا۔ تقریب سے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ترقیات سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانی کے بعد حاصل کیا تھا جن کی قربانیوں کی ہمیں قدر کرنی چاہیے یوم پاکستان کا دن حب الوطنی، یکجہتی کا دن ہے ہمیں اپنے شہیدوں اور قائدین کو یاد کرنے کے لیے قومی حب الوطنی کا اظہار ہر موقع پر کرنا چاہیے تاکہ بین الاقوامی سطح پر زندہ قوم ہونے کا پیغام دیا جائے۔ ڈی آئی جی سکھرطارق عباس قریشی نے کہا کہ پاک فوج، پولیس، رینجرز اور دیگر آرمز فورسز نے ملک کی حفاظت کے لیے بڑی قربانیاں دیں ہیں جس پر محکمہ پولیس اور پوری قوم خراج تحسین پیش کررہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر میں مسلمانوں نے ایک بڑی جدوجہد کے بعد آزاد ریاست حاصل کی جس کومزید مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے تمام پاکستانیوں کو مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں ترقی حاصل کرنے کے لیے مشترکہ طور پر اقدامات کو بروئے کار لانا ہوگا۔ تقریب سے نیب سکھر تحقیقاتی افسر فضل الرحمن ناریجو، ایڈمنسٹریٹر علی رضا انصاری سمیت دیگر سرکاری افسران نے خطاب کیا۔