یوم پاکستان:امریکا‘ روس ایران‘ تر کی کی مبارک باد

202

اسلام آباد‘تہران(صباح نیوز+اے پی پی) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے یوم پاکستان کے موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔سرکاری میڈیا کے مطابق پیغام میں کہا گیا کہ روس اور پاکستان کے درمیان تعمیری دوطرفہ تعاون پر مبنی تعلقات ہیں۔اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانیوں کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا ہے۔امریکی سفیر نے اپنے پیغام میں دوطرفہ تعلقات کے 75سال مکمل ہونے پر پاکستان کے ساتھ شراکت داری کی ایک مشترکہ مہم Pak Us at 75 شروع کرنے کا اعلان کیا۔اسلام آباد میں سویڈن کے سفارتخانے نے بھی یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔بیلجیم کے شاہ Philippe نے اپنے پیغام میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور تمام پاکستانیوں کے لیے مسرت، صحت، امن اور ہم آہنگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اسلام آباد میں ترکی کے سفارتخانے نے بھی یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پاکستانی بھائیوں کو مبارکباد دی ہے۔صدر ایران نے پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کے نام اپنے پیغام میں انہیں یوم پاکستان کی مبارک باد پیش کی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کے نام ارسال کیے جانے والے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں صدر سید ابراہیم رئیسی نے پاکستانی قوم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ صدر ایران نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام پیغام میں، دونوں برادر اور ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون کا یہ سلسلہ مزید آگے بڑھے گا اور اس میں پائیداری بھی آئے گی۔