!ـ23مارچ یوم عزم واستقلال

2754

امیر جماعت اسلامی پاکستان

23مارچ قومی تاریخ کا وہ عظیم ترین دن ہے جب ہم نے دوقومی نظریے کی بنیاد پر ہندوئوں اور انگریزوں سے آزادی حاصل کرنے کے لیے قرارداد پاکستان پاس کی۔ اس قرارداد کے پاس ہونے کے صرف سات سال بعد ہم مدینہ کی طرز پر دنیا کی سب سے بڑی اسلامی ریاست قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ عیار ہندوئوں اور مکار انگریز کی تمام تر سازشوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، یہ دن پاکستانی قوم کے لیے خوشی و مسرت کے ساتھ ساتھ ایک عہد کی تجدید اور ایک عزم کی تکمیل کا دن بھی ہے، اسی لیے پوری قوم ایک نئے جوش و جذبے کے اظہار کے ساتھ یہ دن مناتی ہے، ہر چھوٹا بڑا اور بوڑھا خوشی سے جھوم اٹھتا ہے اور اپنے وطن کی محبت کے ترانے گاتا ہے۔ حکومت، عوام اور افواج پاکستان مملکت خداداد کے نظریے اور جغرافیے کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔
پاکستان کے قیام کا مقصد محض ایک ریاست کے حصول تک محدود نہیں تھا، بقول قائد اعظمؒ ’’ہمارے پیش نظر ایک ایسی آزاد اور خود مختارمملکت کا قیام ہے جس میں مسلمان اپنے دین کے اصولوں کے مطابق زندگی گزار سکیں‘‘۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے اپنے قریباً114خطابات اور تقریروں میںغیر مبہم الفاظ میں اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان کا آئین و دستور قرآن و سنت کے تابع ہوگا۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ پاکستان کا دستورکیسا ہوگا تو انہوں نے فرمایا کہ ہمیں کسی نئے دستور اور آئین کی ضرورت نہیں، ہمارا دستور وہی ہے جو قرآن کی شکل میں اللہ تعالیٰ نے چودہ سو سال قبل ہمیں عطا کردیا تھا۔ قائداعظم محمد علی جناح ؒ نے فرمایا تھا کہ ہم محض ایک خطہ زمین کے لیے نہیں بلکہ اسلام کی تجربہ گاہ کے طور پر پاکستان حاصل کرنا چاہتے ہیں جہاں ہم اپنی زندگیاں قرآن و سنت کے مطابق گزار سکیں اور اسلام کو ایک نظام زندگی کے طور پر اپنا سکیں۔ جب تک قوم بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے فرمودات پر عمل پیرا ہوکر علامہ اقبال ؒ کے خواب کی تعبیر حاصل نہیں کر لیتی، قیام پاکستان کا مقصد پورا نہیں ہوگا۔
پاکستان کا قیام کسی وقتی جوش یا جذباتی سوچ کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ اس کے پیچھے محسن انسانیت سیدنا محمدؐ کی رہنمائی میں قائم ہونے والی مدینہ کی اس اسلامی و فلاحی ریاست کا نمونہ اور سوچ کارفرما تھی جس میں ایک عام شہری کو بھی حاکم وقت کے برابر حقوق حاصل تھے۔ امن و امان کی صورتحال یہ تھی کہ سونے چاندی سے لدی پھندی ایک عورت بلا خوف و خطر صنعاء سے حضر موت تک سیکڑوں میل کا سفر تن تنہا طے کرتی تھی اور کسی میں جرأت نہیں تھی کہ اس کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھ سکے۔ فرمانروائے مملکت عوام کی خبر گیری کے لیے راتوں کوگشت کرتے تھے اور حاجت مندوںکی حاجت روائی کے لیے خدمت کے جذبہ سے سرشار، عوام کے خادم، اللہ کے سامنے جواب دہی کے خوف سے تھر تھر کانپنے والی ریاستی مشینری ہمہ وقت مصروف عمل نظر آتی تھی۔ عمر بن عبدالعزیز ؒ کے دور خلافت میں اسلامی سلطنت میں کوئی زکواۃ لینے والا نہیں ملتا تھا۔
قوم کو پاکستان کی اساس سے جوڑنا اور اپنی نئی نسل کو نظریۂ پاکستان سے روشناس کرانا دینی و سیاسی قیادت کی اولین ذمے داری ہے۔ پاکستان مدینہ منورہ کے بعد کرہ ٔ ارض پر اسلام کے آفاقی ولا فانی نظریہ کی بنیاد پر وجود میں آنے والی دوسری مملکت خدا داد ہے، پاکستان کا قیام بلاشبہ بیسویں صدی کا عظیم معجزہ ہے، اس عطیہ خداوندی کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے، پاکستان کے حصول کے لیے ہمارے آبا ئو اجداد کو ناقابل فراموش قربانیاں دینا پڑیں اور آگ اور خون کے جس دریا سے گزرنا پڑا، وہ تاریخ کے صفحات پر ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ قومیں اپنے نظریات کی بنا پر زندہ رہتی ہیں، اپنے اسلاف کے طے کردہ نشانات منزل کو گم کردینے اور اپنے نظریات کو فراموش کر بیٹھنے والوں کا وجود زمین زیادہ دیربرداشت نہیں کرتی اور وہ حرف غلط کی طرح مٹا دیے جاتے ہیں۔ پاکستان اپنے نظریے کے بغیر ایسے ہی ہے جیسے روح کے بغیر جسم! ان جذبوں کو نوجوان نسل کے دل و دماغ میں راسخ کرنے، وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے اور اس کے حصار کو مستحکم تر کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اپنی آنے والی نسلوں کی تربیت اس انداز میں کی جائے کہ وہ نظریہ ٔ پاکستان کو اپنی زندگیوں کا مرکز ومحور بنا لیں اور کسی لمحہ بھی اس عظیم مقصد اپنی نظروں سے اوجھل نہ ہونے دیں۔
قومی سوچ اور حب الوطنی کے جذبات کو پروان چڑھانے میں 23مارچ کا دن بڑی اہمیت رکھتا ہے۔ آئندہ نسلوں کو قیام پاکستان کے اعلیٰ و ارفع مقاصد سے ہم آہنگ کرنے اور مملکت خداداد کو ایک اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم دامے درمے سخنے تحریک پاکستان اور پاکستان کے حصول کے لیے دی گئی بے مثال قربانیوں کی یاد کو زندہ و جاوید رکھیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تحریک پاکستان کی طرز پر قوم ’’تحریک تکمیل پاکستان‘‘ کا آغازکردے تاکہ نظریہ پاکستان اور آئین پاکستان کو سبو تاژ کرنے کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ کسی بھی مملکت کے نظام کو چلانے کے لیے آئین و قانون کی بالادستی اور حکمرانی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ ایک بین الاقوامی سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان قانون کی عمل داری کے معاملہ میں 102ملکوں میں سے 98ویں نمبر پر ہے۔ قانون کی بالادستی نہ ہونے کی وجہ سے کرپشن، غربت، جہالت، عدم توازن اور انتہا پسندی جنم لیتی ہے اور احتساب کے بغیر قانون کی حکمرانی بے معنی ہوکر رہ جاتی ہے۔ ہمارے عوام کی اکثریت صرف اس لیے اپنے حقوق سے محروم ہے کہ انہیں اپنی ذمے داریوں اور حقوق کا ادراک نہیں اور اقتدار پر مسلط جاگیر دار، وڈیر ے اور سرمایہ دار سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت عوام کو جہالت کی تاریکیوں کا اسیر اور قومیت، لسانیت اور مسلکوں کے تعصبات ابھار کر تقسیم در تقسیم رکھنا چاہتے ہیں۔
دستور پاکستان میں عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے اور پسماندہ اور محروم طبقوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے، عام آدمی کے جائز مفادات کا تحفظ، ہر شہری کی فلاح و بہبود اور ہر قسم کے استحصال کی بیخ کنی کے ساتھ ساتھ ریاست سے وفاداری کو بڑی اہمیت دی گئی ہے مگر قیام پاکستان کے ساتھ ہی ملک پر انگریز کا پروردہ وہی جاگیر دار طبقہ اقتدار پر قابض ہوگیا جس سے آزادی کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا اور اسلامیان برصغیر نے انسانی تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کی تھی۔ ملکی اقتدار پر مسلط اشرافیہ عوام کو غلام اور اپنا خدمت گزار بنا کر رکھنا چاہتا ہے، اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے سیاسی پنڈت آئین و قانون کی حکمرانی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ ان کی سیاست کا مرکز و محورہی اپنی ذات کو ہر قسم کی قانونی پابندیوں سے آزاد رکھنا ہے۔ ملک میں قانون کی بالادستی کا خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا جب تک کہ خود صاحب اقتدار طبقہ اس کی پابندی نہیں کرتا اور کوئی بھی ریاست اس وقت تک جمہوری کہلانے کی حق دار نہیں جب تک کہ جمہور کی مرضی کو فائق نہیں سمجھا جاتا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے لیے ہمیں اس کے بنیادی مقاصد کو پیش نظر رکھنا ہوگا۔ پاکستان کی بنیاد لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ ہے اور ملکی خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود اسی بنیاد سے وابستہ ہے۔
آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ترقی و خوشحالی کے مغربی تصور کے سراب سے باہر نکلیں اور ریاست مدینہ کے اس تصور کو اپنے ذہنوں میں بٹھائیں جس پر چلتے ہوئے ہمارے اسلاف نے فلاح انسانیت کی معراج کو حاصل کیا تھا۔ اپنی آنے والی نسلوں کے ذہنوں میں قرآن و سنت کے احکامات کو راسخ اور اسی کو بنیاد بنا کر نظریہ ٔ پاکستان کی آبیاری کریں۔ پاکستان کے نظریے کو سمجھنے کے لیے آئن اسٹائن کے دماغ یا افلاطون کی ذہانت کی ضرورت نہیں یہ بہت ہی سادہ اور آسان سی بات ہے کہ مسلمان دوسری قوموں سے ایک بالکل الگ قوم ہیں، ہندوئوں اور سکھوں کے ساتھ سیکڑوں سال اکٹھے رہنے کے باوجود مسلمان معاشرت، تہذیب و تمدن، معیشت، اور زندگی گزارنے کے دیگر تمام شعبوں میں اپنی ایک الگ پہچان رکھتے تھے۔ اگر ہم اپنی آئندہ نسلوں کے ذہن میں اپنا وہ شاندار ماضی اور عزت و وقار اجاگر کرسکیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم قیام پاکستان کے وہ عظیم مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوں جن کے لیے ہمارے ابائواجداد نے اپنا سب کچھ قربان کردیا تھا۔
اگر ملکی اقتدار پر مسلط طبقہ کسی آئین و قانون کی پاسداری کرتا تو آج قوم کو وہ تماشا نہ دیکھنا پڑتا جو اسلام آباد میں لگا ہوا ہے۔ 23مارچ قرار داد پاکستان کی منظوری کا وہ عظیم دن حکومت اور اپوزیشن کی دھینگا مشتی کی نذر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ 23مارچ کی تقریب میں عالم اسلام کے وزرائے خارجہ کو بھی مدعوکیا گیا ہے، حکومت اور اپوزیشن کے اس دنگل کو دیکھ کر دنیا ہمارے بارے کیا رائے قائم کرتی ہے اس کی کسی کو فکر نہیں، سب ایک دوسرے کو نیچا دکھانے پر لگے ہوئے ہیں، سال ہا سال سے اقتدار پر مسلط رہنے والوں کی ملک کا عزت و وقار دائو پر لگا دیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے اس رویے سے نہ صر ف آئین وقانون کی دھجیاں اڑ رہی ہیں بلکہ پورا نظام خطرے میں ہے۔
oooo