پاکستان کپ کرکٹ کا نواں راؤنڈ مکمل

439

لاہور:سینٹرل پنجاب نےرضوان حسین کی سنچری کی بدولت خیبرپختونخوا کو 15 رنز سے ہراکر پاکستان کپ کے سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں روشن کرلی ۔ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں پہلے ہی ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہیں۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا کی ٹیم 267 رنز کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 253 رنز ہی بناسکی۔ محمد سرور 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔ قاسم اکرم نے 3 جبکہ حسین طلعت، ظفر گوہر اور محمد فیضان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل اوپنر رضوان حسین کی 3 چھکوں اور 7 چوکوں پر مشتمل 104 رنز کی اننگز کی بدولت سینٹرل پنجاب نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔ سعد نسیم 48 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد عمران نے 4 اور عمران خان سینئر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے ناردرن کوسنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے ہرادیا۔ 303 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 295 رنز بناسکی۔نوجوان وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر نے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔ 87 گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔عمر امین نے 52 اور علی عمران نے 50 رنز بنائے۔

یاسر شاہ نے 3 جبکہ خرم شہزاد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ٹیبل ٹوپر بلوچستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے تھے۔ اسد شفیق نے 12 چوکوں کی مدد سے 66 گیندوں پر 89 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اوپنرز حسیب اللہ 58 اور عمران بٹ 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ایاز تصور 43 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے سندھ کو 46 رنز سے شکست دے دی۔ 315 رنز کے تعاقب میں سندھ کی پوری ٹیم 268 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ضیاء الحق نے 3 اور سلمان علی آغا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اوپنر صائم ایوب 82 اور سہیل خان 44 رنز بناکر نمایاں رہے۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے تھے۔ عمران رندھاوا نے 48 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ حسان خان بھی 48 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 66 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ شرون سراج نے 57 اور طیب طاہر نے 46 رنز اسکور کیے۔ سہیل خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔