اسلام آباد میں کچھ ہوا تو ذمہ داری غیر آئینی وزیراعظم پرہوگی،عاجز دھامرا

237

نواب شاہ( نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سندھ ،سابق سینیٹر عاجز دھامرا نے پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر علی اکبرجمالی ،ایڈوکیٹ خان بہادر بھٹی ،راشد چانڈیو ،اسد اللہ چنہ،رئیس حیات کاکے پوٹا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران نیازی دہشتگرد اور انکے وزرا غیر شائستہ شرمناک الفاظ ادا کرتے ہیں، وزیر داخلہ نے کل جو شرمناک گفتگو کی اور ہاتھ کا جس انداز میں استعمال کیا اس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ،شیخ رشید کو اپنی وزارت داخلہ جاتی دکھائی دے رہی ہے، شیخ رشید اخلاقیات سے عاری شخص ہے ۔عاجز دھامرا نے کہا ہمارے کارکنان بھی اسلام آباد پہنچیں گے اور عدم اعتماد کے روز ووٹ دینے والوں کی حفاظت کریں گے ۔ عدم اعتماد کے روز اگر اجلاس کے دوران اسلام آباد میں کچھ ہوا تو اسکی ذمہ داری بھی غیر آئینی وزیراعظم پر عائد ہوگی۔ اسپیکر اسد قیصر عمران خان کے سہولت کار بن رہے ہیں ،اسپیکر کا جانبدارانہ کردار آرٹیکل 54 کی خلاف ورزی کر رہا ہے جو خلاف ورزی کرے اس پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ عاجز دھامرا نے کہا موجودہ عوام دشمن حکومت نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، اپوزیشن نے قوم کے زخموں پر مرہم رکھا اور عوام دشمن حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی۔