شیخ رشید جیسے وزرا نے عمران کو بند گلی میں لا کھڑا کیا ، جام اکرام اللہ

219

کراچی(این این آئی)صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے وفاقی وزیر شیخ رشید کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ شیخ رشید اور اس جیسے دیگر نااہل وفاقی وزرا نے عمران خان کو بند گلی میں لا کھڑا کیا ہے اور اب عمران خان کے سامنے مستعفی ہونے کے علاوہ کوئی اور دوسرا راستہ موجود نہیں ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ شیخ رشید بڑکیں مارنے کے بجائے چودھری مونس الھی کے تھپڑ کا پہلے جواب تو دیں۔ پھر کوئی اور بات کریں۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ شیخ رشید سیاست کا بھروپیاہے۔ وزیراعظم نے کابینہ سمیت پارلیمنٹ کا اعتماد شیخ رشید جیسے گیدڑ بھبھکیاں دینے والے نااہل لوگوں کی وجہ سے کھو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے بہتر وقت نہیں ملے گا عمران خان مستعفی ہوجائیں کیونکہ ان کی سیاست کا باب ہمیشہ کیلیے بند ہو گیا ہے۔