لاہور(نمائندہ خصوصی) چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا اجلاس میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے سری لنکا نہیں جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین رمیز راجا اور سی ای او فیصل حسنین اجلاس میں آن لائن شریک ہوں گے جبکہ مصروفیات کے باعث پی سی بی کے عہدیداران نے کولمبو نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس کل کولمبو میں شیڈول ہے، اجلاس میں بجٹ ، ڈویلپمنٹ اور ایشیا کپ کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔واضح رہے کہ ایشیا کپ کرکٹ کے اگلے 2 ایڈیشنز کی میزبانی سری لنکا اور پاکستان کے سپرد کی گئی ہے جس کی توثیق ایشین کرکٹ کونسل نے بھی کی ہے۔ 2022 میں سری لنکا اور اس کے آئندہ سال پاکستان ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ ایشیا کپ کا اگلا ایڈیشن سری لنکا میں ہوگا جو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلا جائے گا جبکہ آئندہ سال ایونٹ کی میزبانی پاکستان کرے گا اور پاکستان کی میزبانی میں 50اوورز کرکٹ ہوگی۔