اسلام آباد (آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سندھ میں گورنر راج کے تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی ارادہ نہ تھا اور نہ ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جمعے کو بنی گالا میں تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس کا ہوا جس کی صدارت چیئرمین عمران خان نے کی‘ اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال گیا اور عدم اعتماد کی تحریک پر سینئر قیادت نے بات کی اور پی ٹی آئی کا فیصلہ ہے کہ عدم اعتماد کا مقابلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کو جمہوری انداز میں، سیاسی طریقے سے اور آئین کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے شکست دیں گے جو بات کی جا رہی ہے‘ ہم بے جا لوگوں کے راستے میں رکاوٹ بنیں گے اور کسی کو جانے نہیں دیں گے‘ یہ محض پروپیگنڈا ہے اور یہ ایک پختہ سیاسی سوچ کی نفی ہے اور ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعید غنی یا بلاول نے بے جا پریشان نہ ہوں تحریک انصاف کا گورنر راج کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے بارے میں قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ وہ ساتھ چھوڑ گئے ہیں اور چھوڑ جائیں گے، تسلسل سے میں کہہ رہا ہوں کہ اتحادی ہمیں نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الٰہی کے ساتھ میں نے کام کیا ہے، ان کا ایک سیاسی گھرانا ہے، وہ جذباتی نہیں مگر سیاسی فیصلے کرتے ہیں‘ میری سیاسی رائے کے مطابق وہ مسلم لیگ (ن) پر بھروسہ کبھی نہیں کریں گے‘ کہا جا رہا کہ پنجاب میں ان کو وزارت اعلیٰ کے عہدے کی پیش کش کی جا رہی ہے، اکثریت وہاں مسلم لیگ (ن) کی ہے، یہ اقلیت میں ہوں گے، وہ جب چاہیں نیچے سے قالین کھینچ لیں گے، تو اس وزارت اعلیٰ کی مدت کا کیا بھروسہ ہوگا۔